اوکاڑہ،09ستمبر(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج کے طلباءوطالبات کے میٹرک امتحان 2022 میں شاندارنتائج حاصل کرنے پرتقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا چیئرمین بورڈآف گورنر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پرنسپل ثروت حسن نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سکول کی تاریخ اور شاندار نتائج پر روشنی ڈالی۔تقریب میں مہمانان اعزاز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین، کنٹرولرامتحانات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال رانا نوید، پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر حمود لکھوی، پرنسپل اے پی ایس اخترگِل تشریف لائے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور پرنسپل ثروت حسن نےڈی پی ایس کالج کے طالبعلم محمد حسن اوردیگر پوزیشن ہولڈرز محمد عبداللہ،زوبیہ شاہد،طہ خضر،علشبہ نورکو پنجاب بشمول فیڈرل بورڈمیٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر شیلڈزسے نوازا۔
تقریب میں ڈی پی ایس کے آٹھ کیمپس میں ایک ہزار سے زائد بورڈ میں نمبر حاصل کرنے والوں اورہم نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو بھی شیلڈز دی گئیں۔
تقریب میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے میں تعلیم کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں، ہمیں حالات کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے تعلیمی شعبہ کو قابل رشک بنانا ہے جس کے لئے اساتذہ کرام کا کردار سب سے اہمیت طلب ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبعلم ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں ان کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لئے محنت کرنا ہے، طالبعلم اپنی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں اور اپنے والدین ادارہ اور ضلع کا نام روشن کریں۔
ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءطالبات کو قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بچے مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کریں گے اور ملک کو دنیا کی برادری میں اعلیٰ مقام دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو مبارکباد دی اور ڈی پی ایس سکول اینڈ کالج کی انتظامیہ اور اساتذہ کو شاندار نتائج پر خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں سکول کے طالب علموں نے نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔