اسلام آباد، 08 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ صنعتی ورکرز اور مزدوروں کو مکان دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اکتوبر کے آخر تک تمام مکمل شدہ فلیٹس اور ہاؤسنگ یونٹ لیبرز کے حوالے کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں زیر تعمیر لیبر کمپلکس ٹیکسلا اور لیبر کالونی اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور کام کا معائیہ کیا اور کالونیوںکی تعمیر، تکمیل اور مزدوروں کو بروقت حوالگی میں تاخیر پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور احکامات جاری کئے کہ اکتوبر کے آخر تک تیار مکانات اور فلیٹس کو لیبرز کے حوالے کریں۔
ساجد حسین طوری نے کہا کہ لیبر کمپلکس ٹیکسلا 500 کشادہ فیملی فلیٹس پر مشتمل ہے اور اسلام آباد لیبر کالونی 1008 فلیٹس پر مشتمل ہے جہاں 500 مکانات اسوقت زیر تعمیر ہیں جو جلد مکمل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ورکرز اور مزدوروں کو مکان دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اکتوبر کے آخر تک تمام مکمل شدہ فلیٹس اور ہاؤسنگ یونٹ لیبرز کے حوالے کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گھروں کی تعمیر و تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو روٹی، کپڑا اور مکان مہیا کرنا پیپلزپارٹی کا نعرہ اور خواب ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں غریب اور مزدور طبقے کو گھر فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جلد دیگر شہروں اور خاص کر انڈسٹریل زونز میں مزید لیبرز کالونیاں بنائی جائینگی۔