اسلام آباد،2ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس وقت سیلاب متاثرین کا ہاتھ تھامنے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے زیادہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہماری بڑی کامیابی ہو گی، قطر اور متحدہ عرب امارات اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، ہم نے درآمدات کم کی ہیں لیکن زرمبادلہ کے ذخائر کو کم نہیں ہونے دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لوگ بے سروسامان کھلے آسمان تلے عوام کی خدمت کرنے والوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وفاقی، صوبائی حکومتیں اور دیگر ادارے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، متاثرین کیلئے ایک ایک روپے کی ضرورت ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ لوگ سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، انہیں اشیاء خوردنی اور دیگر سہولیات کی ضرورت ہے، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف سے معاہدہ ایک کامیابی ہے لیکن آئی ایم ایف پروگرام کی نسبت ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہماری بڑی کامیابی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا جیسی صورتحال سے ہم دور نہیں تھے لیکن اﷲ تعالیٰ نے کرم کیا ہے، اب اس طرف نہیں جائیں گے، ملک درست معاشی سمت میں چل پڑا ہے، ہم نے دنیا میں تیل کی زیادہ قیمت کے باوجود درآمدات کم کی ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر کو کم نہیں ہونے دیا۔ قطر نے ایل این جی، شمسی توانائی، ٹرمینلز کی تنصیب اور اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم کا ظاہر کیا ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے بھی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے، آئل ریفائنری میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہو گا، سرمایہ کاری، معاشی وسائل میں اضافہ اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرکے ملک کو پائوں پر کھڑا کریں گے۔











