بلوچستان کی بین الصوبائی ریلوے لائن کی  بحالی کیلئے  دہری شفٹ میں کام کرنا ہوگا؛ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق

7

کوئٹہ، 16 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے بلوچستان میں ریلوے انفرا اسٹریکچر کو پہنچنے والا نقصان بڑا ہے، کوشش ہے کہ بلوچستان کی بین الصوبائی ریلوے لائن جلد بحال کی جائے، اس مقصد کیلئے دن رات دہری شفٹ میں کام کرنا ہوگا۔

یہ بات وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے ہرک ریلوے پل کے معائنے کے دوران کہی۔ اس موقع پر  ریلوے، این ایل سی اور ایف سی حکام بھی  وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے، ریلوے کے متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو متاثرہ سیکشن سے متعلق بریفنگ دی۔

 خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہرک بریج بولان پاس سیکشن پر 158 پُل انجئیرنگ کا شاہکار ہیں، حالیہ فلیش فلڈ نے سوا سو سال پرانا مگر نہایت مضبوط پُل توڑ ڈالا جس سے ریلوے سروس معطل ہے، اس رابطہ پُل کی تعمیر نو  کیلئے  ڈبل شفٹ میں کام کرنا ہو گا۔

 وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ریلوے کے  متاثرہ سیکشن پر بلا تاخیر بحالی کا کام جاری رکھا جائے اور کام کی پیش رفت سے متعلق انہیں مسلسل آگاہ کیا جائے۔