لاہور، 30 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ طلبا کی تربیت اور کردار سازی بھی اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وائس چانسلر فیصل آباد کالج یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد کمال اور سرگودھا یونیورسٹی کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس سے گفتگو میں کیا،جنہوں نے منگل کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں گورنر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیصل آباد کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے گورنر پنجاب کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے 50 لاکھ کے قریب امدادی رقم کا چیک پیش کیا۔وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی نے بھی گورنر پنجاب کو سیلاب متاثرین کے لیے جاری فلڈ ریلیف مہم سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے متحرک کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیاں جس جذبے سے سیلاب متاثرین کے لئے کام کر رہی ہیں وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ قطرہ قطرہ سے ہی دریا بنتا ہے، سیلاب متاثرین کے لیے چھوٹی سے چھوٹی امداد بھی قابل قدر ہے۔
گورنر نے کہا کہ اللہ تعالی اس سے راضی ہوتا ہے جو مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑے ہونا ہمارا قومی فریضہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کمیونٹی ورک طلبا کی تعلیم کا حصہ ہونا چاہیے۔