تمام محکمے روڈ میپ دیں،جنگی بنیادوں پرمتاثرین سیلاب کی بحالی چاہتے ہیں،محمد بشارت راجہ

5

لاہور،09ستمبر(اے پی پی ): وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے کہا کہ تمام محکمے روڈ میپ دیں،جنگی بنیادوں پر متاثرین سیلاب کی بحالی چاہتے ہیں،پنجاب حکومت مزید 25 ہزار خیمے خرید رہی ہے،جزوی نقصان والے 60 ہزار مکانات میں سے 40 ہزار کو خیمے مہیا کر دیے 39 کروڑ روپے کا مزید سامان خریدنے کی منظوری دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کا سروے 12 ستمبر سے شروع سروے 27 ستمبر کو مکمل ہونے پر بحالی کا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔

وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے کہا کہ جنگی بنیادوں پر متاثرین سیلاب کی بحالی چاہتے ہیں، کوئی محکمہ سستی نہ کرے،ریلیف کے مرحلے کے بعد بحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

اجلاس میں سیلابی پانی کی گزرگاہوں پر آبادیوں کو مستقل طور پر محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ متاثرین سیلاب کی اکثریت آبائی علاقوں کو واپس چلی گئی ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کے استعمال کیلئے سینیٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔

صوبائی وزراء محسن لغاری،حسین جہانیاں گردیزی اور نوابزادہ منصور احمد نے بھی شرکت کی،معاون خصوصی وزیراعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔