ملتان، 19 ستمبر(اے پی پی ): جاپانی ایجنسی جائیکا کے وفد نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا ۔ واسا ملتان اور جائیکا کے مابین مشینری کی فراہمی کے پراجیکٹ سے متعلق جاپانی کنسلٹنٹ مقرر کرنے بارے معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے پر ایم ڈی واسا قیصر رضا اور جاپانی کنسلٹنٹ نے دستخط کیے۔
جاپان ،ملتان کو سیوریج سروسز کی اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت جدید مشینری فراہم کرے گا اور 1ارب 90 کروڑ روپے مالیت کے پراجیکٹ کے تحت مشینری دی جائے گی۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا قیصر رضا نے کہا کہ پرانی مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپوں کی کمی کے باعث واسا کو چیلنجز کا سامنا ہے ،گرانٹ ان ایڈ کے تحت مشینری فراہمی میں تعاون پر جائیکا کےبےحد مشکورہیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،۔
ایم ڈی واسا قیصر رضا نے کہا کہ واسا آئندہ مون سون سیزن کی تیاری کیلئے پیشگی انتظامات کر رہا ہے ، آئندہ سال کیلئے زیادہ شدت سے مون سون سیزن کی پیشگوئی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا جائیکا آئندہ مون سون سیزن شروع ہونے سے قبل مشینری کی ڈلیوری میں تعاون کرے اور پہلے مرحلے میں سکر،فلشر گاڑیوں، ڈی واٹرنگ پمپوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
تقریب میں جائیکا کیجانب سے مسٹر ٹاکامٹسو،مسٹر می اوچی اور قاسم سعید نے شرکت کی اور ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام ،ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی محمد ندیم بھی موقع پر موجود تھے۔











