شجاع آباد، 10 ستمبر (اے پی پی ): مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی نے کہا ہے کہ حادثات اور ناگہانی آفات کی صورت میں لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پنجاب حکومت پرعزم ہے اور اس ضمن میں بڑے شہروں کیساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں اور تحصیل سطح پر بھی جدید ایمبولینس اور آلات مہیا کئے جا رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے شجاع آباد میں ریسکیو 1122 کے آفس میں نئی ایمبولینس اور موٹر بائیکس مہیا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم این اے ابراہیم خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم، اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ شجاع آباد کی عوام کےلئے حکومت پنجاب نے دو نئی ایمبولینس اور چار موٹر سائیکل مہیا کی ہیں جس سے شجاع آباد اورگردونواح کے لوگوں کو بروقت فرسٹ ایڈ کی فراہمی اور ان کو ہسپتال منتقل کرنے میں مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے دل کے بہت قریب ہے اور لوگوں کی خدمت کے لئے ہر دم مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا خدمت خلق کا جذبہ ہمیشہ یونہی قائم و دائم رہے گا اور عوامی بہبود اور خدمت کے ایسے انقلابی منصوبے جاری رہیں گے۔
مشیر وزیر اعلی نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے کارکن جس خندہ پیشانی کے ساتھ اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اس پر میں تمام ریسکیوور کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔