حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، بحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی: وزیر خزانہ محسن لغاری

7

لاہور،13 ستمبر(اے پی پی): سینئرصوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر اجلاس منعقدہ ہوا جس میں پنجاب کے سیلاب زدگان کی بحالی کے پلان کی منظوری دی گئی۔ سیلاب سے متاثرہ نہروں، ڈسٹریبیوٹریز اور راجباھوں کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیرو مرمت کی جائے گی جبکہ کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پربحال کیا جائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ فصلوں اوردیگر نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

سینئر صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ترجیحات طے کر لی گئی ہیں۔سردی کے موسم کی آمد ہے کھلے آسمان تلے بیٹھے سیلاب متاثرین کو تحفظ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف و ریسکیو اپریشن اور بحالی کے عمل میں بہترین کام کرنے والے سرکاری اداروں کے افسران و ہلکاران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کوپنجاب بینک اور دیگر پارٹنر بینکوں کے ذریعے آسان طریقے سے ادائیگیاں کی جا ئیں گی۔ سینئر صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں حاملہ خواتین کو طبی سہولتوں کی فراہمی کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، بحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ دریا کے بیلٹ کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے لاء میں ترمیم کی ضرورت ہے تو کی جائیگی۔ اراکین اسمبلی نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور اپنے علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز دیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ پاک فوج اوراربن یونٹ کے اشتراک سے جاری سروے 27ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ صوبائی وزراء محسن لغاری، حسنین بہادر دریشک،اراکین اسمبلی ہاشم جواں بخت،جاوید اختر، مخدوم رضا حسین بخاری،معظم علی خان جتوئی اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ افسران نے بھی اجلاس شرکت کی۔