حکومت کی اولین ترجیح جیل اصلاحات کے حوالے سے قانون سازی کرنی ہے , جوینائل قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: معاون خصوصی ثمینہ خاور حیات

12

لاہور 12 ستمبر ( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ثمینہ خاور حیات نے وفد کے ہمراہ آئی جی جیل خانہ جات آفس اور کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا۔ آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر نوید رؤف نے وفد کا استقبال کیا۔لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد رحیم اعوان بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔آئی جی آفس دورے کے دوران آئی جی جیل خانہ جات نے معاون خصوصی کو جیل اصلاحات ،قیدیوں کے مسائل  اور ان کے مسائل کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔معاون  خصوصی ثمینہ خاور حیات نے آئی جی جیل خانہ جات آفس میں بنائے گئے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا ۔وہاں پر ان کو جیلوں میں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے قیدیوں کی مانیٹرنگ کے بارے میں بریف کیا گیا۔اس کے بعد معاون خصوصی نے وفد کے ہمراہ کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا وہاں پر چاک و چوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی۔ دورے کے دوران معاون خصوصی  نے بینک اسیران سینٹر کا دورہ کیا۔اس کے بعد ان کو کچن کا دورہ کرایا گیا  اور قیدیوں کو پیش کیا جانے والا کھانے کو چیک کروایا گیا۔بعد ازاں معاون خصوصی نے کیمپ جیل اسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی بیمار پرسی کی اور ان کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس کے بعد معاون خصوصی نے جو ینائل وارڈ کا دورہ کیا اور بچوں سے ان کی تعلیم کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔آخر میں معاون خصوصی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی کی خصوصی ہدایات پر جیل کا دورہ کر رہی ہوں اور ہماری حکومت کی اولین ترجیح جیل اصلاحات کے حوالے سے قانون سازی کرنی ہے اور جوینائل قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے معاون۔خصوصی نے قیدیوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔