خیبرپختونخوا حکومت  کا پولیس، زراعت، معدنیات اور ریسکیو کے شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ

16

پشاور ، 21 ستبر (اے پی پی ): خیبرپختونخوا حکومت  نے پولیس، زراعت، معدنیات اور ریسکیو کے شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیر اعلیٰ محمود خان نے منصوبے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ہے۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے پولیس کی آپریشنل اور تفتیشی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی، ڈرونز کے ذریعے پٹرولنگ سے پولیس اہلکاروں کی جانوں کو محفوظ کیا جا سکے گاجبکہ ڈرونز کے ذریعے ریسکیو آپریشنز میں بھی خاطر خواہ بہتری ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ مؤثر پولیسنگ کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے پہلے مرحلے میں محکمہ پولیس اور پی ڈی ایم اے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت  کی اور کہا کہ دوسرے مرحلے میں منصوبے کو معدنیات،زراعت اور دیگر شعبوں تک توسیع دی جائے۔

وزیر اعلی کو بریفینگ میں بتایا گیا کہ  منصوبے کا ابتدائی تخمینہ لاگت 500 ملین روپے ہے،پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے منصوبے کا اجراء کیا جائے گا۔