دادو اور نواب شاہ میں ریلیف آپریشن کے لئے 5، 5 کروڑ روپے کے عطیات دیں گے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

7

دادو ،15ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مخیر حضرات سے سیلاب زدگان کی مزید امدادکی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ خواتین ،بچوں،ان کی خوراک،تعلیم و تربیت اور بحالی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، دادو اور نواب شاہ میں ریلیف آپریشن کے لئے 5، 5 کروڑ روپے کے عطیات دیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دادو  اور نوابشاہ میں سیلاب زدگان سے گفتگو میں کہا  کہ سیلاب کی وجہ سے دیگر علاقوں اور بالخصوص سندھ میں بڑی تباہی ہوئی، شاید یہ سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں بڑا سیلاب آیا، عالمی درجہ حرارت کے اضافے میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن  پاکستان اس سے متاثر ہونے والے ملکوں میں سرفہرست ہے،عالمی برادری کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے بھرپور حصہ ڈالنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر مثبت اور دوررس اقدامات کی ضرورت ہے،سیلاب سے متاثرہ خواتین اور بچوں کی خوراک، تعلیم و تربیت اور بحالی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں، مکانات اور عمارتوں کا نقصان دیکھ کر شدید افسوس ہوا۔

 صدر مملکت نے مخیر حضرات سے متاثرینِ کی مزید امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل وقت میں ہمیشہ اپنے بھائیوں کا سہارا بنی ہے، انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں، مُشکلات کا  ہر ممکن ازالہ کیا جارہا ہے،خواہش ہے کہ جلد از جلد لوگوں کو اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد کیا جائے۔