ریاستی ادارے پی ٹی آئی کی طرف سےملک میںفتنہ و فساد پھیلانے کا حساب لیں گے؛وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف  

3

اسلام آباد،15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے پی ٹی آئی کی طرف سے ملک میں فتنہ و فساد پھیلانے کا  حساب لیں گے، اگر عمران خان اپنی گفتگو میں اسلامی ٹچ ضرور دینا چاہتے ہیں تو جید علماء کرام سے رہنمائی حاصل کریں۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو پاکستان کے آئین اور اسلامی تعلیمات کے مطابق مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے دھرنوں میں عمران خان کی غیر ملکی طاقتوں نے فنڈنگ کی، گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا اور اب بھی کہہ رہا ہوں کہ عمران خان کی طرف سے دین اسلام کی غلط تشریحات قابل قبول نہیں ہیں، اگر دین کے معاملات پر ان کو عبور حاصل نہیں ہے تو انہیں بات نہیں کرنی چاہئے، لوگوں کی اس سے دل آزاری ہوتی ہے۔

 وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ یہ لوگ جو فساد برپا کر رہے ہیں ریاستی ادارے اس کا حساب لیں گے، ہم ملک میں خون خرابہ یا فتنہ و فساد نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان لازمی طور پر اپنی گفتگو میں اسلامی ٹچ دینا چاہتے ہیں تو پہلے جید علماء کرام سے ان معاملات پر رہنمائی حاصل کریں تاہم ہم مذہب کو سیاست کیلئے استعمال کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔