ریڈ کراس کا سیلاب کی مشکل گھڑی میںساتھ اوردکھی انسانیت کی خدمت میںکردار قابل تعریف ہے؛ گورنر خیبرپختونخوا مشتاق احمدغنی

4

پشاور، 12 ستمبر(اے پی پی ):قائمقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق احمدغنی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کو شدید نقصان پہنچا ہے، لیکن بین الاقوامی کمیٹی ریڈ کراس کا اس مشکل گھڑی میں ساتھ  اور دکھی انسانیت کی خدمت میں کردار قابل تعریف ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر مشتاق احمدغنی نے بین الاقوامی کمیٹی ریڈ کراس پیسیفک ایشیاء کی ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر پیٹریسیا ایسکیاون گیوٹ  سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے  وفد کے ہمراہ  قائمقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق احمدغنی سے ملاقات کی   اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 وفد نے قائمقام گورنر کو پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں دکھی انسانیت کیلئے خدمات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیلاب کی صورتحال میں بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر امدادی اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کر رہی ہے، ساتھ ہی خیبر پختونخوا میں پیراپلیجک سنٹرز اور بنیادی ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بھی عوام کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر گورنر مشتاق احمد غنی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی بحالی، امداد اور انفراسٹرکچر کی مکمل بحالی ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم امید ہے کہ بین الاقوامی کمیٹی ریڈ کراس سیلاب متاثرین کی بحالی، طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔