سیالکوٹ،6ستمبر (اے پی پی): ستمبر1965ءکی پاک بھارت جنگ میں سیالکوٹ کو ملنے والے اعزاز ہلال استقلال کی تبدیلی کی رسم جناح ہال قلعہ پر اسٹیشن کمانڈر سیالکوٹ حمید اللہ نے انجام دی۔پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی ۔ سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور بیاد شہداءجنگ ستمبر ٹیبلو پیش کئے اور وطن کے ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اسٹیشن کمانڈر سیالکوٹ حمید اللہ ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ ذیشان رضااورایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اویس مشتاق نے تبدیلی ہلال استقلال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ستمبر 1965 کو افواج پاکستان نے بھارتی فوج کو شکست سے دو چار کر کے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی اور بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور قومی سلامتی پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے، آج کا دن جنگ ستمبر کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنھوں نے ملک و قوم کی بقا اور سلامتی کے لئے اپنے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اپنے اردگرد اور قرب و جوار میں شہداءکے لواحقین سے ملا کریں اور انہیں احساس دلائیں کے ان کے لخت جگر وں نے ہماری آزادی اور حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور وہ ہمارے محسن ہیں اور ہم ان کے شکرگذار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے لاکھوں بے گھر ہم وطن پاکستانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے اور ان کی مددکیلئے دل کھول کرعطیات دینے ہونگے۔
مقررین نے کہا کہ مدد کے منتظر سیلاب زدگان کی بحالی کسی چیلنج سے کم نہیں اس آفت کا مقابلہ کرنا اکیلی ریاست کے بس کی بات نہیں یہ وقت ہے ہم سب مل کر ان کی مدد کرنی ہے اور ان کی بحالی کیلئے منظم انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔متاثرین سیلاب ہماری توجہ چاہتے ہیں ان کی مشکلات بہت زیادہ ہیں بروقت اور جلد از جلد ریلیف آپریشن کی تکمیل کیلئے حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔
تقریب کے آخر میں ملک قومی کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر اسامہ شیرون نیازی، چیف آفیسر زبیر وٹو، ممبر کنٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ محسن عتیق ،صدر مرکزی انجمن تاجراں سیالکوٹ حاجی مہر غلام مجتبیٰ، جنرل سیکرٹر ی شیخ جاوید حیدر، ڈی ایس پی سٹی رانا طارق ندیم ، ماہر قانون آصف بھلی ایڈووکیٹ ، ماہر تعلیم عاشق حسین صدیقی اورمعروف سنگر حسنین پاشا اور تنظیم شہری دفاع کے رضا کاران، ریسکیو 1122کے جوانوں ، ریسکیو اسکاٹس کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔











