سعودی عرب میں روزگار  کی حصول  کیلئے  پیشہ ورانہ امتحانی پرو گرام“ اسکلز ویری فیکیشن”  کے پائلیٹ پراجیکٹ کا آغاز

17

اسلام آباد،09 ستمبر (اے پی پی): سعودی عرب میں ہنرمند اور تکنیکی شعبوں میں ملازمت حاصل کرنے کے لئے پاکستان میں پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام “ اسکلز ویری فیکیشن” کے پائلیٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

پائلیٹ پراجیکٹ کی لانچنگ کے لئے آج سعودی عرب کے سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔  تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر براۓ سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی خاصی تعداد مختلف مستندشعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ ہنرمند پاکستانی جہاں سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہیں وہ پاکستان کے لئے ترسیلات زر بھیج کر پاکستان کی خدمت کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پیشہ ورانہ تعلیمی تصدیق اور عملی امتحان کے آغاز سے سعودی عرب میں پیشہ وار  اور تکنیکی صلاحیتوں کے مالک پاکستانیوں کو متعلقہ شعبوں میں روزگار کے بہتر اور نئے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سعودی عرب کیساتھ ملکر ایک بہترین ٹیکنکل اینڈ وکیشنل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائیں گے،سعودی عرب واحد بیرون ملک ہے جہاں سب سے زائد پاکستانی  آباد ہیں۔ انہوں نے سیلابوں کے دوران بھرپور امداد پر خادم خرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس میں سکلز ویریفکیشن پروگرام کے پائلیٹ پراجیکٹ کا آغاز  کیا گیا ہے۔ پراجیکٹ کے لئے ، نیشنل اتھارٹی فار سکلز اپ گریڈ نگ( NAVTCC )کے تعاون سے 12 تسلیم شدہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو پاکستان کے 8 مختلف شہروں میں قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام افرادی قوت کے لیے اپنی فیلڈ میں ایک عملی ٹیسٹ کروانے کا  اہتمام کرے گا، جہاں پہلے مرحلہ میں پانچ مہارتوں پر عملی اور نظریاتی ٹیسٹ شروع کیا جاۓ گا جن میں الیکٹریشن ، پلمبر ، ویلڈ نگ ، ریفریجریشن،ایئر کنڈیشنگ اور آٹو الیکٹریشن کے شعبے شامل ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ سکلز ویر یفکیشن پروگرام، وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے سب سے اہم اسٹریٹجک اقدامات میں سے ایک ہے ،جس کا مقصد سعودی لیبر مارکیٹ کی ساخت میں توازن بحال کرنا ہے تاکہ پیشہ ور افراد کو سعودی عرب میں اضافی قدر کے ساتھ کارکردگی پر مبنی ملازمت کے اصول کے عین مطابق پائیدار ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

 قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر “اسکلز ویری فیکیشن پروگرام” انجینئر العاقل نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ  کیا  اور اس کے مُختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔  تقریب میں سعودی پراجیکٹ ڈائریکٹر اور وفاقی وزیر نے لانچنگ دستاویز کا تبادلہ بھی کیا۔