فیصل آباد،21 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد میں بدھ کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے آسان اکاؤنٹ آگاہی میلہ کا انعقادکیا گیاجس میں 13بینکوں نے شرکت کی۔اس موقع پروقاص کاشف باجوہ چیف منیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ یہ آسان اکاؤنٹ میلہ ان عام لوگوں کیلئے ہے جن کے پاس انڈرائیڈ موبائل اور انٹر نیٹ کی سہولت موجود نہیں لہٰذاوہ اپنے عام موبائل کے ذریعے صرف ایک کلک سے ہی متعلقہ بینک میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ آگاہی میلہ میں 13کمرشل بینکوں بشمول الائیڈ بینک،یو بی ایل بینک، مسلم کمرشل بینک، بینک الفلاح،جے ایس بینک،فینکا مائیکرو فنانس بینک،موبی لنک مائیکرو فنانس بینک،عسکری بینک،فرسٹ پے بینک،یو بینک نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ آسان بینک اکاؤنٹ کے اس آگاہی میلہ میں لوگوں کی شرکت دیدنی ہے اورآج ایک ہی روز میں انہوں نے2ہزار سے زائد اکاؤنٹ کھولے ہیں۔اس موقع پرمرزا شفیق ریجنل آپریشن منیجر میزان بینک، سینئر ڈپٹی منیجر سٹیٹ بینک محمد اکبرودیگر بینکاروں نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور سٹیٹ بینک چاہتے ہیں کہ آسان اکاؤنٹ کے ذریعے ایک عام ریڑھی والا بھی اپنا اکاؤنٹ کھول سکے جسکے پاس نہ انٹرنیٹ نہ اینڈرائڈ موبائل کی سہولت موجود ہے، وہ اپنی رقوم بھی محفوظ کر سکے اور بینک کی تمام سہولیات مثلاً موبائل کا بیلنس،بجلی گیس کے بلز، پیسے بھیجنا یا وصول کرنا اور دیگر سہولیات سے استفادہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو ڈاکومینٹڈ کرنے کی طرف سٹیٹ بینک کا یہ ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو بس اپنے عام موبائل سے *2262#ملائیں اور دیے گئے بینکس میں سے کسی بھی بینک میں اپنا موبائل اکاؤنٹ کھلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اب آپکا اکاؤنٹ آپکے اپنے اختیار میں ہے۔











