سکھر،19ستمبر(اے پی پی) وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کی زیر صدارت برسات متاثرین کی بحالی کے حوالے سے کمشنر ہاؤس میں اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں ایم پی اے سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ،ایم این اے نفیسہ شاہ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ، ایم این اے پیر فضل شاہ، کمشنر غلام مصطفی، ڈی آئی جی جاوید احمد جسکانی،ایس ایس پی سنگھار ملک، ڈپٹی کمشنر شہزاد تھیم، ای ڈی او ہیلتھ اور ایریگیشن،پبلک ہیلتھ، میونسپل کارپوریشن، سمیت تمام ڈپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پورا ملک حالیہ بارشوں کی وجہ سے متاثر ہوا ہے مگر سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، لاکھوں متاثرین ہیں ان کی مدد کیلئے سندھ حکومت ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور کہا کہ لاکھوں ایکڑ پر مشتمل زراعت مکمل ختم ہوچکی ہے، لاکھوں مویشی مر گئے ہیں اور مختلف بیماریاں معصوم بچوں کو نگل رہی ہیں عوام کی جان مال کی حفاظت کیلئے حکومت اور مختلف ڈپارٹمنٹ مصروف عمل ہے،عالمی ادارے بھی مدد کر رہے ہیں انشائاللہ جلد حالات بہتر ہو جائیں گے۔