سیلاب متاثرین کو گھربنا کر دیں گے،ایف جی آر ایف کے تعاون سےگھر تعمیر کئے جائیں گے، متاثرین کی آبادکاری کو یقینی بنایا جائیگا: پرویزالٰہی

4

لاہور12 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی عبدالحبیب عطاری کی سربراہی میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن(ایف جی آرایف) کے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے دعوت اسلامی کے وفد کو آیت و حدیث ختم نبوتؐ سے متعلق فریم کا تحفہ دیا۔ملاقات میں جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی اورپنجاب حکومت اور ایف جی آر ایف کے درمیان سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی آبادی کاری کیلئے تعاون کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب متاثرین کو گھربنا کر دیں گے اورایف جی آر ایف کے تعاون سے گھر تعمیر کئے جائیں گے۔پنجاب حکومت اور ایف جی آر ایف کی کوآرڈینیشن سے سیلاب متاثرین کی آبادکاری کو یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو ان کے تباہ ہونے والے پکے گھروں کی تعمیر کے لئے 4لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے جبکہ تباہ ہونے والے کچے گھروں کی تعمیر کیلئے 2لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دعوت اسلامی کاادارہ ایف جی آر ایف فلاحی کاموں میں پیش پیش ہے۔ پنجاب حکومت اور ایف جی آرایف سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مل کر کام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔امداد کا صحیح حقداروں تک پہنچنا بے حد ضروری ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرہ لوگو ں کی بحالی کیلئے خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے۔سیلاب متاثرین کیلئے جو بھی ممکن ہو سکا، کیا اور کرتے رہیں گے۔سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے موصول ہونے والے عطیات کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں گے۔