سیلاب متاثرین کیلئے ڈونیشن اور اس کے استعمال کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنائیں گے؛ وزیر اعلیٰ  پرویز الہٰی

10

لاہور،11ستمبر ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عوام کی بھلائی کے کاموں میں پنجاب گورنمنٹ سب سے آگے ہوگی،سیلاب متاثرین کیلئے ڈونیشن اور اس کے استعمال کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنائیں گے،سیلاب کے دوران جاں بحق ا فراد کے لواحقین کی امداد بڑھا کر 10لاکھ روپے کر دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 90شاہراہ قائد اعظم پر لاہور پریس کلب کے عہدیداروں اور ارکان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب میں پختہ گھر تباہ ہونے پر 4لاکھ او رکچا گھر گرنے پر 2لاکھ روپے مالی امداد دیں گے،سیلاب میں بہہ جانے والے جانوروں کے مالکان کو 75ہزار روپے دیں گے، سیلاب زدگان کے لئے ٹیلی تھون میں اڑھائی ارب روپے سے زائد جمع کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ امدادی پیکیج کے لئے شفافیت یقینی بنائیں گے، آڈٹ بھی ہوگا، گھپلے کرنے والوں کو سزا ملے گی جبکہ سیلاب میں بے گھر افراد کو خوراک میں 40فیصد سبسڈی دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ  فلڈ میں صحافیوں نے مسائل سامنے لانے میں قابل قدر کردار ادا کیا،صحافی بھائیوں کا کام مشکل ہے، ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہورپریس کلب کے ارکان کے لئے مفت آپریشن کی سہولت فراہم کریں گے،پریس کلب کے عہدیداروں کے اشتراک سے فوری علاج شروع ہوگا،اخراجات حکومت ادا کرے گی جبکہ   جگہ موجود ہوئی تو پریس کلب کے Bبلاک کے الاٹیز کو متبادل جگہ دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ  لاہور پریس کلب کے لئے2کروڑ کی گرانٹ کو بجٹ کاحصہ بنایا جائے گا اور  ارکان کی لائف انشورنس کا پریمیم ادا کرنے کے لئے بھی معاونت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں بھی صحافیوں کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کی جائے گی دیگر شہروں میں بھی صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے کی تجویز کاجائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں پریس کلب کی عمارتیں بھی بنائیں گےصحافیوں، کیمرہ مینوں، فوٹو گرافروں، ساؤنڈ لائٹ والوں کی فلاح و بہبود کے کام کرنا چاہتے ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئی جی کو پیغام دے دیاہے کہ جرنلسٹ کالونی کے پلاٹوں پر قبضہ برداشت نہیں ،جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیوریج سسٹم بہتر کرنے کے لئے معاونت کریں گے، ایف بلاک کے الاٹیز کو قبضہ دینے کا آغاز کردیاگیا ہے ۔

وزیراعلیٰ  نے انتقال کرنے وا لے صحافیوں کے اہل خانہ کو ایف بلاک کے لیٹر اور  لاہورپریس کلب کے صدر اعظم چودھری کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک بھی دیا۔انہوں  نے فوٹو جرنلسٹ ایسوی ایشن کی سالانہ گرانٹ بڑھا کر 10لاکھ روپے کرنے کا اعلان بھی کیا اور لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کے ارکان سے حلف بھی لیا۔

تقریب میں مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ، ترجمان وزیراعلیٰ فیاض الحسن چوہان، محمد اقبال چودھری،سیکرٹری اطلاعات راجہ منصوراحمد،ڈی جی پی آر افراز احمد اور راؤ پرویز اختر کو شیلڈ بھی دیں تقریب میں سی پی این ای کے صدرکاظم خان، لاہورپریس کلب کے عہدیداروں،ارکان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔