صدر آئی پی یو دوارتے پشیگو کا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کا دورہ

5

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):صدر آئی پی یو دوارتے پشیگو نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (پپس ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل سلیم رحمان بھی صدر آئی پی یو کے ہمراہ تھے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس محمد انور اور دیگر افسران نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس نے صدر آئی پی یو کو پپس کے قیام، تاریخ اور کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 صدر آئی پی یو نے پاکستان میں پارلیمانی نظام کی مضبوطی میں پپس کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر صدر آئی پی یو نے کہا کہ پپس جیسے ادارے جمہوریت کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں  نے پپس لائبریری کا جائزہ لیا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

بعدازاں سینیٹر سلیم رحمان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس محمد انور نے صدر آئی پی یو کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ صدر آئی پی یو سیلاب کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔