عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افرادامراض قلب کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں، ڈاکٹر جاوید شیخ

3

سکھر،29ستمبر(اے پی پی): این آئی سی وی ڈی اسپتال ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر جاوید شیخ نے اپنے دیگر ڈاکٹرز کے ہمراہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے ملک میں امراض قلب کا عالمی دن منایاجا رہا ہے عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افرادامراض قلب کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں جن میں اگلے دس سے پندرہ سالوں میں مذید اضافہ ہو جائے گااوراس سے 80فی صد اموات کم آمدنی والے ممالک بشمول پاکستان میں ہونگی تاہم اگر دل کو صحت مند رکھنے کے طریقوں کو طرز زندگی کا حصہ بنالیا جائے تو اس تعدادمیں خاطر خواہ حد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امراض قلب سے بچاو کے عالمی دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں دل کی بیماریوں کے متعلق مکمل آگاہی اور ان سے بچاو کے لیے شعور پیدا کرنا ہے انہوں نے بتایا کہ آج دنیا میں سب سے زیادہ جبکہ پاکستان میں ہونے والی ایک تہائی اموات شریانوں اور دل کی بیماریوں کی وجہ سے ہوتی ہیں جس کی وجہ بلیڈپریشر، کولیسٹرول اور گلوکوز کا بڑھنا، تمباکو نوشی، خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کا ناکافی استعمال، موٹاپا اور جسمانی مشقت کا فقدان دل کے امراض میں مبتلا ہونے کی بڑی وجوہات ہیںانہوں نے کہا کہ معمولی ورزش کو معمول بنا کر دل کے بہت سے امراض سے بچا جا سکتا ہے۔