فیصل آباد؛ صوبائی وزیر داخلہ  ہاشم ڈوگر کی تشدد کی شکار طالبہ خدیجہ کے گھر آمد،انصاف کی یقین  دہانی

14

فیصل آباد، 11ستمبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر)محمد ہاشم ڈوگرنے تشدد کی شکار طالبہ خدیجہ کے گھرجاکر اہلخانہ سے ملاقات کی۔آرپی او معین مسعود اور سی پی او عمر سعید ملک نے صوبائی وزیر کو کیس کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی خصوصی ہدایات پر واقعہ کی تفصیلات سے مکمل آگاہی لی جارہی ہے اور وہ آج اسی سلسلے میں دورہ کررہے ہیں۔انہوں نے ضلعی پولیس کی طرف سے جاری قانونی اقدامات پراطمینان کا اظہار کیااور کہا کہ پولیس نے سفارش کی پرواہ کئے بغیر مقدمہ کی موثر انداز میں پیروی کی۔انہوں نے خدیجہ اور ان کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دلوائیں گے۔

صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا ایک واقعہ ہے جس کا ذکر کرنے سے بھی شرمندگی ہوتی ہے،اس کیس میں ہماری پولیس نے بہت اچھا کام کیا،پنجاب میں پولیس کا مثبت کردار سامنے آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایام میں پولیس نے بڑی کارروائیاں کیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کو خصوصی ٹاسک دیئے ہیں۔پولیس نے پانچ کروڑ کیش وین ڈرائیور سے 8گھنٹے میں ریکور کئے،ڈیرھ من منشیات پکڑی اور ملزمان گرفتار کئے۔

انہوں نے بتایاکہ خدیجہ اور ان کے اہلخانہ سے بات ہوئی ہے وہ پولیس کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔