قومی ادارے ہمارا وقار ہیں،انکو کو متنازع نہ بنایا جائے ؛ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی

2

لاہور، 16 ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ قومی ادارے ہمارا وقار ہیں، قومی اداروں کو متنازع نہ بنایا جائے، اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، پاکستان جن چینلجز سے گزر رہا ہے، اس کا حل اتفاق اور اتحاد میں ہے ۔

 وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی،سابق وفاقی وزیر مونس الہی سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے  جمعہ کو یہاں  ملاقات کی ہے ۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عامر محمود، وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمن، سیکرٹری جنرل شکیل مسعود اور ممبر بورڈ طاہر  خان شامل تھے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لئے آواز بلند کی ہے، سیاست میں رواداری اور احترام کے اصولوں پر کاربند رہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کے مسائل حل کروں اور انہیں ریلیف دیا جائے، پاکستان کی میڈیا انڈسٹری نے تیز رفتاری سے ترقی کی ہے،موجودہ حالات میں میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

ملاقات میں براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔

سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔