لاہور، 17 ستمبر ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایڈہاک تقرریوں کی منظوری کے بعد محکمہ صحت میں ایڈہاک تقرریوں پر بھرتی کے سلسلے میں ہفتہ کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک اور سیکرٹری ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت اجلاس میں خالی اسامیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ایڈہاک اسامیوں کی بھرتی پر ڈائریکٹر HISDU محمد احمر نے بریفنگ دی اور بتایا کہ محکمہ صحت میں ایم او، ڈبلیو ایم او کی تقریباً 1100 آسامیاں خالی ہیں۔
ڈاکٹر اختر ملک نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں خالی اسامیوں پر ایڈہاک تقرریوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں خالی اسامیوں پر بھرتی قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی ،تمام خالی اسامیوں کےلئے درخواستیں محکمہ کی پورٹل پر آن لائن جمع کرائی جا سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف اور ٹیکنالوجسٹس کی آسامیاں کنٹریکٹ پر بھرتی کی جائیں گی۔پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی (PHFMC) کے زیر انتظام ہسپتالوں میں بھی جلد بھرتیاں کی جائیں گی۔ہیومن ریسورس کی بھرتی کے بعد محکمہ صحت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صالحہ سعید، ایڈیشنل سیکرٹری خضرافضال، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو میاں طارق، ڈپٹی سیکرٹریز نے شرکت کی۔