ملتان؛نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں انسانی جسم میں فلوئڈ اینڈ الیکٹرولائٹ بیلنس کے موضوع پر لیکچر کا اہتمام

6

ملتان،  23 ستمبر (اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی زیر سرپرستی ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں انسانی جسم میں فلوئڈ اینڈ الیکٹرولائٹ بیلنس کے موضوع پر ایک لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔

ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کے کانفرنس روم میں منعقدہ اس کلینیکل سیشن میں ملک کے معروف اینستھیزیالوجسٹ اور ایجوکیشنسٹ پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن ممتاز نے فلوئڈ اینڈ الیکٹرولائٹ بیلنس کے موضوع پر ایک مفصل لیکچر دیا اور شرکاء کو اپنے تجربات کی روشنی میں مشورے دئیے۔

 پروفیسر مہدی حسن ممتاز کا کہنا تھا کہ جسم میں غذا، نمکیات اور پانی کے توازن کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے بصورت دیگر  جسم کے اہم نظام متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکٹرولائٹ کا عدم توازن سنگین پریشانیوں کا سبب بھی بن سکتا ہے جیسے کوما اور دورے پڑنا  لہذا مریضوں کو ڈرپس لگاتے ہوئے ان چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

 لیکچر کے بعد سوالات و جوابات کا سلسلہ بھی جاری رہا جس میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن ممتاز ، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے بطور ایکسپرٹ شرکاء کے سوالوں کے جواب دیئے۔

 لیکچر کے اختتام پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن ممتاز کو سوئنر پیش کیا گیا۔