ملتان ؛سی ای او ڈبلیو ایم سی فاروق ڈوگر، کمپنی کے مسائل کے حل کے لئے سرگرم،مرمت طلب کنٹینرز کا معائنہ کیا

17

ملتان، 11 ستمبر (اے پی پی):سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر، کمپنی کے مسائل کے حل کے لئے سرگرم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے شہر میں مختلف مقامات پررکھے گئے قابل استعمال اور  لینڈفل سائیٹ پر سٹور کئے گئے مرمت طلب کنٹینرز کا معائنہ کیا ہے۔

سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بوسیدہ کنٹینرز کی وجہ سے شہر میں صفائی کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کنٹینر کی قابل استعمال عمر تین سال  ہے کیونکہ ویسٹ سے اٹھنے والی میتھین گیس لوہے کو کھاجاتی ہے جبکہ کمپنی نے 2013 کے بعد مشینری کی خریداری نہیں کی اور اس طرح 11 سال قبل خریدے گئے کنٹینرز استعمال کئے جارہے ہیں۔

محمدفاروق ڈوگر نے بوسیدہ کنٹینرز کی مرمت کو پیسے کا ضیاع قرار دیا اور کہا کہ

گلے سڑک کنٹینرز مرمت کے چند ہفتوں بعد دوبارہ ناقابل استعمال ہوجائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ فنڈز دستیاب ہونے کے باوجود مشینری کی  خریداری میں رکاوٹیں ہیں جبکہ سیالکوٹ ، بہاولپور، ڈی جی خان، گوجرانوالہ کی کمپنیوں نے مشینری کی خریداری مکمل کرلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ورکرز کی بھرتی بھی  ناگزیر ہے۔

محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے 100 سے زائد کنٹینرز کی فوری خریداری کی درخواست کی جائیگی۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے ویسٹ ڈمپنگ کے لئے زمین کی خریداری کے لئے محکمہ ریونیو کو درخواست دے رکھی ہے لیکن  زمین کی دستیابی کا مسئلہ درپیش ہے۔انہوں نے  ویسٹ ڈمپنگ کے لئے موجودہ  لینڈ فل سائیٹ کو ہموار  کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

منیجر آپریشنز انوار الحق اور منیجر لینڈ فل سائیٹ فہیم لودھی بھی انکے ہمراہ تھے۔