ملتان ؛ موٹروے پولیس اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے متاثرین سیلاب میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم

22

ملتان، 11 ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل خالد محمود  کی ہدایات پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس موٹروے سنٹرل ٹو زون سیکٹر-1، ایم -5 اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے متاثرین سیلاب کیلئے قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرین میں راشن اور ضروریات زندگی اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی گئی۔

 انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس خالد محمود نے اس موقع پر کہا کہ موٹروے سنٹرل ٹو زون اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے متاثرین سیلاب کیلئے قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین بستی جیانی اور بستی اعجاز والہ تحصیل و ضلع ڈیرہ غازی خان میں راشن اور ضروریات زندگی اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔

 ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن اور بروقت مدد کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے تباہی پاکستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، موٹروے پولیس مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افسران و جوان سیلاب زدگان کو خشک راشن و خوراک پہنچا رہے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ قومی شاہرات پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنارہے ہیں۔