موٹروے پولیس کی جانب سے بسوں میں ایمرجنسی ایگزٹ لگانے کی تاریخ میں 10اکتوبر تک توسیع

4

ملتان، 27 ستمبر (اے پی پی ):موٹروے پولیس کی جانب سے بسوں میں ایمرجنسی ایگزٹ لگانے کی تاریخ میں 10اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے ۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی سربراہی میں سیکٹر آفس میں آپریشنل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تمام بیٹ کے ڈی ایس پیز، اور افسران و اہلکاروں سے میٹنگ کی گئی۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس خالد محمود کی جانب سے بسوں میں ایمرجنسی ایگزٹ لگانے کی تاریخ میں 10اکتوبر تک توسیع کردی گئی ہے،اس کے علاوہ آئل ٹینکرز، گیس باؤزر اور آتش گیر مواد لیکر جانے والی گاڑیوں کا داخلہ موٹروے پر رات 10سے صبح 06 بجے تک بند ہے۔

سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ موٹرویز پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کا بہترین بہاؤ موٹروے پولیس کا فرض اولین ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرویز پر دوران سفر شہریوں کو مدد کی صورت میں بروقت مدد فراہم کی جائے، کسی بھی گاڑی کے بریک ڈاؤن ہونے کی صورت میں ریکوری کی مدد سے  کیرج وے فوراً کلیئر کروایا جائے کیونکہ موٹرویز پر رکی ہوئی گاڑیاں حادثہ کا باعث بن سکتی ہیں۔

سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ مہم  کمپین پر عملدرآمد کرتے رہیں، موٹروے پولیس کے افسران ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا موٹروے پولیس کا طرہ امتیاز ہے۔