اسلام آباد،17ستمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے فیکلٹی اراکین اور طلبا پر مشتمل وفد نسٹ ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سہیل کی قیادت میں میں سلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر سبی کے لئے روانہ ہو گیا ہے ۔
نسٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نسٹ کے طلبا اور فیکلٹی اراکین اور عملہ کی طرف سے اکٹھے کئے گئے عطیات اور امدادی سامان جس میں خشک راشن، کپڑے ، پینے کے صاف پانی کی بوتلیں اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں سبی کے متاثرین سیلاب میں تقسیم کی جائیں گی ۔
وفد کی قیادت نسٹ ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سہیل کر رہے ہیں جبکہ وفد میں یونیورسٹی کے شعبہ ایڈمنسٹریشن کے عملہ کے اراکین اورسکول آف انٹر ڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز کے 4 طلبا بھی شامل ہیں۔
نسٹ کے امدادی کاررواں نے سبی جاتے ہوئے سکھر میں کچھ دیر قیام بھی کیا ہے اور روانگی سے قبل ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر نے پیغام دیا ہے کہ تباہ کن صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ بد ترین سیلاب سے متاثرہ بہنوں اور بھائیوں کی مدد کے لئے بھرپورکوششیں کی جائیں۔