والدین اپنے بچوں کو انسداد کرونا ویکسیئن ضرور لگوائیں،یہ ویکسیئن انتہائی محفوظ اور موثر ہے؛ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا

14

اوکاڑہ،18ستمبر(ا ے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کورونا  ویکسیئن برائے اطفال بچوں کی صحت سے جڑا اہم ترین مسئلہ ہے، اس مہم کی کامیابی کے لئے محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کی کاوشیں مربوط حکمت عملی کے تابع ہونی چاہیں تاکہ اپنے اہداف کو احسن انداز سے حاصل کر سکیں، محکمہ صحت کا تربیت یافتہ عملہ یقیناً اس مہم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، والدین اپنے 5 سال سے 12 سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد کورونا ویکسیئن ضرور لگوائیں، یہ ویکسیئن انتہائی محفوظ اور موثر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساؤتھ سٹی میں کورونا  ویکسین برائےاطفال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نےتربیت یافتہ عملہ کے ذریعے بچوں کو ویکسیئن لگائے جانے کے عمل کا بھی معائنہ کیا ۔انہوں نے ویکسیئن لگوانے کے لئے آئے ہوئے بچوں سے ان کے تعلیمی اداروں،ان کی تعلیم اور دیگر سر گرمیوں سے متعلق ہلکے پھلکے انداز میں باتیں کیں۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ، میڈیکل وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے وہاں پر داخل مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال کے عملہ کے رویہ،ہسپتال کی جانب سے ادویات کی فراہمی،ڈاکٹرز اور نرسوں کی جانب سے علاج و معالجہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق پوچھا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کے علاج معالجہ اور انہیں ادویات کی فراہمی میں کسی سطح پر کوئی شکایت نہیں ہونی چاہئے۔

 اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک راشد نعمت، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین،ڈسٹر کٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سجاد گیلانی،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد سمیت تمام متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔