وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے اوورسیز پاکستانیز کے وفد کی ملاقات

35

لاہور، 20 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے کینڈین نژاد پاکستانی عامر خان کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے ملاقات کی ۔ پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ عامر خان نے وزیراعلی ٰچودھری پرویزالٰہی کو وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ کینیڈین اوورسیزپاکستانیوں نے فلڈ ریلیف کے لئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے اقدامات کو بھی سراہا۔ وفد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے سب سے پہلے سیلاب متاثرہ علاقے میں پہنچ کر قابل تقلید مثال قائم کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف ہماری ترجیحات میں اولین ہے۔سیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو کیا اور ریلیف کا کام تیزی سے جاری ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اوورسیز پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر عطیات دیئے۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کرنے والے وفد میں اوورسیز پاکستانی فاروق ارشد، ظفر چودھری، سہیل انجم اور شہزاد خان شامل تھے۔