وزیراعلی پرویزالہیٰ سےڈاکٹرثانیہ نشترکی ملاقات،پنجاب میںاحساس پروگرام کادائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ

17

لاہور،8ستمبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعرات  کو یہاں  وزیراعلی آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں احساس پروگرام کادائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت فی خاندان ماہانہ سبسڈی میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندان آٹا،گھی اور دالیں مارکیٹ سے 40فیصد سستی خرید سکیں گے۔انہوں نے احساس راشن رعایت پروگرام کااجرا جلد کرنے کی ہدایت کی۔

 وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام چلنے والے فلاحی اداروں میں رہائش پذیر بچوں اور بزرگوں کیلئے کھانے کی فی کس رقم دوگنا کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور کھانے کے معیار و مقدار کو بہتر بنانے کیلئے فلاحی اداروں میں رہائش پذیر افراد کیلئے کھانے کی فی کس رقم میں اضافہ کیا ہے ،کھانے کی  رقم میں اضافے سے ایسے افراد کو معیاری اور وافر کھانا مل سکے گا۔انہوں نے کہاکہ احساس بل پنجاب اسمبلی میں جلد پیش کیاجائے گا۔

ملاقات میں جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے فلاحی منصوبے متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب میں خواتین کیلئے ویلفیئر پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے۔ انہوں  نے سپیشل سرکاری ملازمین کے لئے نئی ہا ئوسنگ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سپیشل سرکاری ملازمین کے لئے ہائوسنگ الاٹمنٹ پالیسی کے تحت5فیصد ہارڈ شپ کوٹہ مختص کیاجائے گا جبکہ سپیشل افراد کے لئے پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہائوسنگ فائونڈیشن میں بھی کوٹہ متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہائوسنگ سوسائٹیز میں سپیشل افراد کو سبسڈی دینے کے لئے 50کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پنجاب احساس پروگرام کے تحت مختلف ویلفیئر پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔