وزیرِ اعظم شہباز شریف کی موسمِ سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر فوری لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت

2

اسلام آباد،29 ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے موسمِ سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر فوری لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اعدادو شمار اور خالی باتوں کی بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

جمعرات کو یہاں موسمِ سرما میں گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے طلب کئے گئے ہنگامی اجلاس کی صدارت میں وزیراعظم نے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا  کے دنوں میں عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا جبکہ  گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ آج پورا ملک اور غریب آدمی بھگت رہا ہے۔

  وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی طرح کسی بھی قسم کی بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کی جائے گی ،  معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ملک کے ہر شعبے پر خود کُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی۔انہوں نے کہا کہ  گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقنی بنائی جائے۔

اجلاس کو موسمِ سرما میں متوقع طلب اور رسد پر تفصیلی بریفنگ سمیت حکومت کی موجودہ حکمتِ عملی اور آئندہ مہینوں میں گیس کی فراہمی کیلئے مرتب کئے پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پیش کردہ پلان کو مزید بہتر کرنے اور قلیل و وسط مدتی لائحہ عمل کو ترجیح دینے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔