رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے موٹر بائیک ریسکیو1122سروس کا افتتاح کر دیا

2

رحیم یار خان،29 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے شہر میں موٹر بائیک ریسکیو1122سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔

ریسکیو1122موٹر بائیک سروس کی افتتاحی تقریب ضلعی ہیڈ کواٹر1122میں منعقد ہوئی۔ ضلعی آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر عادل رحمن نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو ہیڈ کواٹر کے دورہ پر وہاں جاری مشقوں کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو1122وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک عظیم عوامی فلاحی منصوبہ ہے، ریسکیو1122 ادارہ عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں،موٹر بائیک ریسکیو سروس حکومت پنجاب کی عوام کے لئے بہت بڑی سہولت ہے۔انہوں نے کہا کہ  موٹر بائیک ریسکیوسروس کی بدولت گنجان آبادیوں میں کسی بھی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیورز کی رسائی ممکن ہو گی،بروقت بنیادی طبی امداد کی فراہمی سے کئی قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔

ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمن نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع رحیم یار خان کو20موٹر بائیک فراہم کی گئی ہیں جبکہ حکومت پنجاب جلد مزید30ریسکیو بائیک فراہم کرے گی جودیگر تحصیلوں میں دی جائیں گی۔

تقریب میں ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالستار، اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت کی شرکت کی۔