وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی وبین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

10

سمرقند،15ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے غذائی تحفظ، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی ،دفاع اور سکیورٹی سمیت باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 دونوں رہنمائوں کی ملاقات جمعرات کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔  وزیراعظم نے روس کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی اس آفت کے تباہ کن اثرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان روس تعلقات میں مسلسل بہتری اور استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا جو مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔  انہوں  نے پاکستان کے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ غذائی تحفظ، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سیکیورٹی سمیت باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔ ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کا آئندہ اجلاس جلد اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ افغانستان میں روس کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان،پاکستان اور روس دونوں کے  مفاد میں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے بین الاقوامی اقدامات کی رفتار کو تیز کرنا ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم نے افغانستان میں استحکام کے لئے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔