آئندہ نئی ہاؤسنگ سکیم کی منظوری کے لئے ڈویلپر فراہمی و نکاسی آب کا مکمل پلان دینے کا پابند ہوگا:میاں اسلم اقبال

3

لاہور15 ستمبر(اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90 شاہراہ قائد اعظم پر پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کا 88واں بورڈ اجلاس منعقد ہوا جس میں دو نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری دی گئی۔”نیو سٹی پیراڈائز ہاؤسنگ سکیم“ تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک کے موضع کوہالیاں اسلام گڑھ خالق داد میں بنے گی جبکہ ڈی ون کپیٹل پارکس سٹی ہاؤسنگ سکیم تحصیل فتح جھنگ ضلع اٹک کے موضع رتوال اینڈ دولت پور میں بنے گی۔ پالیسی کے مطابق دونوں ہاؤسنگ سکیموں میں 20فیصد کوٹہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے مختص ہے۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے رہائشی سکیموں کی منظوری میں بلاجواز تاخیر پر  اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں کی جلد منظوری کے لئے بورد آف ریونیو میں فوکل پرسن مقررہ کیا جائے گا۔آئندہ نئی ہاؤسنگ سکیم کی منظوری کے لئے ڈویلپر فراہمی و نکاسی آب کا مکمل پلان دینے کا پابند ہوگا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بے گھرافراد کو چھت کی فراہمی کی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔حکومت مفاد عامہ کی سکیموں کی تیزی سے تکمیل کے لئے ڈویلپر ز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ رہائشی سکیموں کی منظوری کے بعد ان پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانا پھاٹا کی ذمہ داری ہے۔ڈویلپرز نے ہاؤسنگ سکیموں میں مقررہ مدت میں انفراسٹرکچر مکمل کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔سیکرٹری ہاؤسنگ میاں شکیل احمد، ڈی جی پھاٹا خالد نذیر وٹو، بورڈ ممبران اور ڈویلپرز نے اجلاس میں شرکت کی۔