وزیر اعظم کی ترک صدر سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات

22

 سمرقند، 16 ستمبر(اے پی پی): وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے جمعرات کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے  صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی۔ملاقات میں   دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔ ملاقات میں  دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے قریبی روابط برقرار رکھنے اور اعلیٰ سطح کے تبادلے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 وزیر اعظم  شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ترکیہ کی طرف سے یکجہتی اور فراخدلی سے تعاون کرنے پر صدر ایردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے  کہا کہ یہ حمایت دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اور دہائیوں پر محیط دیرینہ تعلقات کی عکاس ہے۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔  دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم  خاص طور پر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کی اہمیت پر زور دیا جو اس پائیدار شراکت داری کو اسٹریٹجک سمت فراہم کرنے کے لیے قیادت کی سطح کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔   دونوں ممالک کے درمیان “ٹریڈ ان گُڈز” کے حالیہ معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے  وزیر اعظم شہباز شریف  نے اس یقین کا اظہار کیا کہ معاہدہ دو طرفہ تجارت کو فروغ دے گا اور دوطرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔