سمر قند،15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمعرات کو ازبکستان کے دورے کے موقع پر ہوائی اڈے سے سیدھے سمرقند میں حضرت خضر کمپلیکس گئے اور ازبکستان کے بانی رہنما اسلام کریموف کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ازبکستان کی اعلیٰ قیادت،وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی انکے ہمراہ تھے۔آٹھویں صدی میں تعمیر ہونے والی مسجد خضر فن تعمیر کا بہترین شاہکار ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے سمرقند پہنچے ہیں۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم صدر تاجکستان امام علی رحمن اور صدر ازبکستان شوکت مرزئیوف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔بعد ازاں وزیراعظم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔وزیرِ اعظم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلا روس کے صدر الیگزینڈر گریگوری-وچ لوکا-شینکو اور صدر کرغستان سیدر جاپاروف سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اسکے بعد وزیرِ اعظم ازبک صدر کی طرف سے سربراہانِ ممالک کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔عشائیے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ کے صدررجب طیب اردگان سے ملاقات کریں گے۔











