لاہور، 7 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے محکمہ ماحولیات کے اینٹی سموگ سکواڈ کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ اینٹی سموگ سکواڈ کی افتتاحی تقریب وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اینٹی سموگ سکواڈ کا معائنہ کیا اور گاڑیوں کے دھویں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے اینٹی سموگ سکواڈ کے عملے سے ملاقات بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے عملے کو محنت اور جذبے سے سرکاری فرائض کی انجام دہی کی تلقین کی اور کہا کہ اینٹی سموگ سکواڈ شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو باقاعدگی سے چیک کر ے گا۔ اینٹی سموگ سکواڈ مقررہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور شہر کے داخلی راستوں پر بھی اینٹی سموگ سکواڈ گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائے۔
سیکرٹری ماحولیات نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو اینٹی سموگ سکواڈ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ اینٹی سموگ سکواڈ میں محکمہ ماحولیات، ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کا عملہ موجود ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی ماحولیات و پارلیمانی امور راجہ بشارت، سیکرٹری ماحولیات، ڈی جی ماحولیات اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











