وفاقی وزیر احسن اقبال کا مردم شماری کی بروقت تکمیل اور اتفاق رائے کو یقینی بنانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور مشاورت پر زور

1

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مردم شماری کی بروقت تکمیل اور اتفاق رائے کو یقینی بنانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز الیکشن کمیشن، سول سوسائٹیز، اکیڈمیا، سیاستدانوں اور ماہرین آبادیات  کی شمولیت اور مشاورت پر زور دیا ہے اور پی بی ایس کو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے ساتھ رابطہ کرے اور انہیں مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی میں بطور شریک رکن شامل کرے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے تیسرے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پی بی ایس کو ہدایت کی کہ  سول سوسائٹی کے ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ مردم شماری کے وقت اسے اعتماد میں لے۔  انہوں نے پی بی ایس اور نادرا کو ہدایت کی کہ وہ بالترتیب مردم شماری کی تربیت اور ٹیبلٹ کی خریداری پر نظر ثانی کریں۔

  وفاقی وزیر  احسن اقبال نے پی بی ایس کو مشورہ دیا کہ وہ سندھ حکومت کی رضامندی حاصل کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کرے تاکہ مردم شماری کو صاف و شفاف بنایا جا سکے۔   پاکستان بیورو آف شماریات نے پائلٹ مردم شماری کی  رپورٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔  سی ایم سی  پائلٹ مردم شماری کی نگرانی اور مردم شماری 2022 کے مکمل رول آؤٹ کے لئے سفارشات کے لئے ذمہ دار ہے،  اس لئے اجلاس کے بنیادی مقاصد میں پائلٹ مردم شماری پر دوبارہ  نادرا کی جانب سے فراہم کردہ ٹائم لائنز کی بنیاد پر نظرثانی شدہ ورک پلان کو حتمی شکل دینا اور کمیٹی کو گنتی کے طریقہ کار کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کرنا ہے۔

  اجلاس میں تمام صوبوں/علاقوں کے چیف سیکرٹریز، متعلقہ سیکرٹریز، ایڈیشنل کمشنر اسلام آباد، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈائریکٹوریٹ، چیئرمین نادرا، ایم ڈی این ٹی سی اور تعلیم، لوکل گورنمنٹ، فنانس اور پی بی ایس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔