اسلام آباد،13ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا تین روزہ دورہ کرنے والے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوارتے پشیگوکے اعزاز میں وفاقی وزیر برائے سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود نے ظہرانہ دیا جس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر برائے مہمان داری و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور سینیٹر فیصل سلیم رحمان،چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم سینیٹر عبدالقادر، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کامرس سینیٹر ذیشان خانزادہ، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مواصلات سینیٹر پرنس احمد عمر زئی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ سینیٹر افنان اللہ خان، سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر، سینیٹر بہرہ مند خان تنگی، سینیٹر دنیش کمار اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے شرکت کی۔
سینیٹر محمد طلحہ محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی پی کو پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے پاکستان میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے،بارشوں اور سیلابوں سے جو تباہی پیدا ہوئی ہے اس کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ، صوبہ بلوچستان،جنوبی پنجاب اور ملک کے شمالی علاقہ جات میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیشتر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ریلیف اور بحالی کے کاموں میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں صحت اور غذائی قلت کے شدید مسائل سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنی چاہیے،صدر آئی پی یو پاکستان کی موجودہ صورتحال سے اقوام عالم کو آگاہ کریں۔
صدر آئی پی یو نے کہا کہ پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں اس کے ساتھ ہیں۔دنیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو میں اس کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات دنیا بھر کا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے جس کے منفی اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ دیگر ممالک پاکستان کیلئے اس حوالے سے کام کریں۔ انہوں نے پر تکلف ظہرانے پر وفاقی وزیر برائے سیفران سینیٹر محمد طلحٰہ محمود کا شکریہ ادا کیا۔
صدر آئی پی یو نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دورہ پاکستان کی دعوت اور پر تباک استقبال پر بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک مہمان نواز ملک ہے۔ انہیں پاکستان میں جس محبت اور عزت سے نواز اگیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔،پاکستان ایک پر امن اور خوبصورت ملک ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صدر آئی پی یو دوارتے پشیگو کا پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ صدر آئی پی یو تین روزہ دورہ مکمل کر نے کے بعد نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد سے روانہ ہو گئے۔ انہوں نے سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر فیصل سلیم رحمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔صدر آئی پی یو نے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف و دیگرسے اعلی سطح ملاقاتیں بھی کیں۔