وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی سعودی عرب  کے قومی دن پر مبارکباد

2

اسلام آباد،22ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سعودی عرب  کے قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی  ہےکہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وہ بدھ کی رات سعودی سفارتخانے کی جانب سے مملکت کے 92ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے عازمین حج کی مہمان نوازی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 20لاکھ سے زائد پاکستانی سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں اور خطیر  ترسیلات بھیج رہے ہیں جس سے ہماری معیشت مستحکم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی قوم کے لیے بے پناہ محبت رکھتی ہے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نومبر میں سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے اور پوری قوم ان کے دورے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستان میں سعودی سفیر، شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور مملکت کے عوام کو ان کے قومی دن پر اپنی،  حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو بھائیوں کی طرح ہیں جنہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ وزیر نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا عظیم دوست قرار دیا اور کہا کہ اسلام آباد میں ان کی تعیناتی کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی نئی بلندیوں کو چھو چکی ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی سفیر نے ایک حالیہ ملاقات کے دوران انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ مملکت میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے اور مستقبل قریب میں ان کی تعداد بڑھانے میں بھی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر اگلے سال مکہ روٹ کے منصوبے کی توسیع میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس سے پاکستانی عازمین حج کے سفر میں مزید آسانی ہو گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزارت داخلہ اس اقدام کی توسیع کے لیے تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سعودی سفارت خانے کے ساتھ  کام کر رہی ہے۔

 سعودی سفیر نے مملکت کے قومی دن پر نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر وزیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔