پاکستان ہنگری کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ

1

نیویارک ،22ستمبر  (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  پاکستان ہنگری کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگری کے وزیر خارجہ اور تجارت پیٹرززیجارتو سے اقوام متحدہ  کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات میں کیا ۔

 ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا جس میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی، ثقافت، دفاع اور عوام سے عوام کے رابطوں سے متعلق امور شامل ہیں، دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات میں حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 وزیر خارجہ نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ ہنگری پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا کر پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتا ہے۔