اسلام آباد ،09ستمبر(اے پی پی):پاک فضائیہ کیجانب سے خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے پاک فضائیہ بھرپور وسائل استعمال کر رہی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ ہیلی کاپٹر آپریشن کے زریعے ایسے دور دراز علاقوں میں راشن، ادویات اور اشیائے خوردونوش گرا رہی ہے جن سے زمینی رابطے منقطع ہیں، سیلاب متاثرین کی زیادہ سے زیادہ امداد کے لیے پاک فضائیہ کے فلڈ ریلیف کیمپوں میں بحالی کی سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا۔
پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب زدگان کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں جبکہ پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ضرورت مند خاندانوں میں 23120 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 2130 پانی کی بوتلیں تقسیم کیں اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے 3348خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیئے، جن میں اشیائے خوردونوش موجود تھیں۔پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں 2140 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔