سکھر،13ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے وسول ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ملازمین جذبہ جہاد کے ساتھ ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں، پشاورسے روہڑی تک ٹریک بحال کردیا ہے، روہڑی سے کراچی تک ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے کوشش ہے وہ جلد بحال ہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کو یومیہ 15 سے 16 کروڑ کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے، امید ہے ریلوے آپریشن جلد بحال ہوگا، ریلوے کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا،2013 میں 18 ارب منافع پر لائے تھے۔
وفاقی وزیر ریلوے وسول ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہر قلی کو وفاقی حکومت، این جی اوز اور ریلوے افسران مل کر دس دس ہزار روپے دینا شروع کر رہے ہیں، سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان سندھ اور بلوچستان میں ہوا ہے، سیلاب کے باعث ہمیں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے،اس کیلئے قومی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، ٹریک سے ابھی پانی اترا نہیں ہے،اس لئے ابھی خسارے کا نہیں بتاسکتے، عوام کیلئے ریلوے ٹریک بحال ہونے کیلئے چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون پر پچھلے چار سال میں ایک اینٹ نہیں رکھی گئی،اب دوبارہ چائینز کو آن لائن کیا ہے، ایم ایل ون فیز ون روہڑی سے کوٹری،کوٹری سے کراچی ہے۔