پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے؛وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی

31

لاہور،11ستمبر ( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے مخیر حضرات وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں ،سیلاب متاثرین کی بحالی میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار  وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری محمد افضل ساہی سے  اتوار کو یہاں ملاقات میں گفتگو کرتے  ہوئے کیا ، ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور اور متاثرین سیلاب کی بحالی و آبادکاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں ۔میڈیکل ٹیمیں متاثرین سیلاب کے علاج معالجے کیلئے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پنجاب حکومت نے ملکی یکجہتی کے فروغ کیلئے میڈیکل ریلیف مشن بلوچستان اور سندھ روانہ کیا ہے۔میڈیکل ریلیف مشن ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ادویات اور امدادی سامان پر مشتمل ہے جبکہ سیلاب زدگان کیلئے 9 ٹرک بھیجے گئے ہیں جن میں ادویات، راشن اور دیگر امدادی سامان شامل ہے۔