پنجاب حکومت ملتان شہر کی تعمیر وترقی کیلئے پر عزم،سیوریج منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کاعندیہ

23

ملتان،14ستمبر(اے پی پی):ملتان شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے پنجاب حکومت پرُعزم،شہر اولیاء کے سیوریج منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کاعندیہ دیا ہے۔

 ملتان شہر کے مسائل کے حل بارے سرکٹ ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ سینئر صوبائی وزیر اسلم اقبال اور مشیر وزیراعلیٰ  پنجاب برائے اطلاعات عمر سرفراز چیمہ سمیت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی مشیر ملک عامر ڈوگر  اور ممبر صوبائی اسمبلی  مخدوم زین قریشی کی اجلاس میں شریک ہوئے۔

 سینئر وزیر اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت بڑے شہروں کے سیوریج مسائل کے حل کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، شہر کے سیوریج منصوبوں بارے تمام مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کے سیوریج کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے اور ملتان میں واٹرسپلائی کا ماڈل پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں کو عہدوں پر نہیں رہنے دیا جائے گا، پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ سینئر صوبائی وزیر  نے کہا

عوام کی سیوریج بارے شکایات کا آن لائن میکانزم تیار کیا جائے اور جس سب ڈویژن کا ایس ڈی او سیوریج اور واٹر سپلائی بارے شکایت پر مبنی شہری کا فون نہیں سنے گا،نوکری میں نہیں رہے گا۔

 اسلم اقبال نے کہا کہ آئندہ ہفتے سیوریج مسائل کے حل پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے دوبارہ ملتان کا دورہ کرونگا۔انہوں نے سیکرٹری ہاوسنگ کو ملتان شہر کے مسائل کے حل بارے تجاویز تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ سیوریج ملتان شہر کا سب سے سنگین مسئلہ ہے ، ملتان شہر کی آبادی چند برسوں میں پانچ گنا بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ واسا کی سروسز 68 یونین کونسلوں سے بڑھ کر 82 یونین کونسلوں تک پہنچ گئی ہیں اور  واسا میں استعداد کار کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا شہری کروان فیلیورز کی وجہ سے سیوریج مسائل کے عذاب میں مبتلا ہیں۔

 شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ملتان شہر کے سیوریج مسائل کے حل کے لئے میگا فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا واسا کو انفراسٹرکچر اور مشینری فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

عامرڈوگر نے کہا کہ شہر میں واٹر سپلائی کی سکیمیں تاخیر کا شکار ہیں ، نواب پور روڈ کے ایریا میں  واٹر سپلائی کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ واسا میں ٹیکنکل کیپسٹی کی کمی ہے ، واسا کے ریکوری سسٹم کو آوٹ سورس کرنے کی ضرورت ہے۔

 سیکرٹری ہاوسنگ لاہور اور سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب جاویداختر محمود ، ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو سمیت ایم ڈی اے،واسا، پی ایچ اے، پبلک ہیلتھ انجنئرنگ اور دیگر حکام بھی  اجلاس میں موجود تھے۔