لاہور، 13ستمبر(اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر منگل کو یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو بند کرکے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سینئر وزیر نے پی ایل ڈی سی کے منصوبوں کے لئے مختص اراضی پر گھروں کی تعمیر کا پلان طلب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پی ایل ڈی سی میں گھروں کے حصول کیلئے رقم جمع کرانے والوں کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایل ڈی سی کے درخواست گزاروں کے مسئلے کے حل کیلئے ایک ہفتے کے اندر آؤٹ آف باکس سلوشن پیش کیا جائے۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی حکومت کی کی پہلی ترجیح ہے،کم لاگت ہاؤسنگ سکیمیں صرف منظور ہی نہیں کرنیں بلکہ انہیں بنانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی بندش سے کسی کا روزگار نہیں چھینا جائے گا۔
میاں اسلم اقبال نے کمپنی کے ملازمین کو پھاٹا یادیگر اداروں میں کھپانے اور کمپنی کی اراضی کو استعمال میں لانے کا بزنس پلان بھی طلب کر لیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ شکیل احمد نے پی ایل ڈی سی کے منصوبوں اوردیگر امور بارے بریفنگ دی۔ ڈی جی پھاٹا اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔