جعفر آباد، 06 ستمبر (اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ضلع جعفر آباد ، اوستہ محمد کا دورہ کیا اور مون سون بارشوں، سیلابی صورتحال اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر نصیر آباد ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر و دیگر متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر جعفر آباد رزاق خان خجک نے ضلع جعفر آباد،اوستہ محمد میں نقصانات اور امدادی کاروائیوں پر بریفنگ میں بتایا کہ سیلابی پانی نکالنے کے لیے سڑک پر 6 جگہوں پر کٹ لگائے گئے ہیں، ضلع میں متاثرین کی علاج و معالجہ کے لیے21 جگہوں پر میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں اور 11 موبائل ٹیمیں کام کررہی ہیں، مال مویشیوں کے علاج کے لیے 8 مختلف مقامات پر ویٹرنری کیمپس اور 4 موبائل ٹیمیں کام کررہے ہیں۔
دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ ضلع میں متاثرہ خاندانوں کو راشن، خیمے کی فراہمی کیلئے امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے، محکمہ پی ڈی ایم اے امداد وبحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ موجودہ بارشوں نے پورے صوبے کے انفرا اسٹرا کچر کو شدید نقصان پہنچا ہےاور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کیلئے حکومت، این ایچ اے و دیگر متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کی بحالی اور نقصانات کا ازالہ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔











